پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستانی اور بین الاقوامی میڈیا کو عمران خان کے گھر آنے کی دعوت دے دی۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے کارروائی کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ زمان پارک میں دہشت گرد موجود ہیں۔ زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک بار پھر بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کو زمان پارک میں واقع اپنی رہائش گاہ کا اندرونی دورہ کرایا۔
زمان پارک میں ممکنہ پولیس آپریشن کے پیش نظر عمران خان نے بین الاقوامی اور مقامی میڈیا کو ایک بار پھر رہائش گاہ کے اندرونی حصے کا دورہ کرایا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو گھر کے بیرونی حصے، سیکیورٹی اہلکاروں کے کمروں اور چھت تک رسائی دی گئی۔ ذاتی سکیورٹی کے علاوہ پارٹی کا کوئی کارکن یا رضاکار رہائش گاہ کے اندر موجود نہیں تھا۔
دریں اثنا حکومتی ڈیڈ لائن کے بعد ایس پی سول لائن حسن جاوید بھٹی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ زمان پارک سے فرار ہونے والے 8 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایس پی نے دعویٰ کیا کہ لوگ فرار ہونے کی بھی کوشش کرتے ہیں جو پولیس کو دیکھ کر واپس چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی اطلاعات ہیں کہ کچھ لوگ موجود ہیں، آپریشن اور دیگر فیصلے میری سطح سے اوپر ہیں۔
ایس پی نے کہا، 'قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی، ہم اس پر عمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے گئے 8 ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔