جی ایچ کیو پر حملے میں ملوث ملزم گرفتار

 

راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد احتجاج کے دوران راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پر حملے میں ملوث ایک مشتبہ شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔



ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا کہ پولیس نے مشتبہ شخص ادریس کو فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پر حملے میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔


ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت سوشل میڈیا پر ویڈیوز کے ذریعے کی گئی ہے اور وہ مقامی حکومت کا ملازم ہے۔


دریں اثناء پولیس نے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پی ٹی آئی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی جاوید اکرم کو گرفتار کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ اکرم کے بیٹے اور بہو کو بھی لاہور ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔


پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتار افراد کور کمانڈر ہاؤس میں آتشزنی میں ملوث تھے۔


واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ہاؤس اور فوجی و سول تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور آگ زنی کے تمام ملزمان اور حملہ آوروں کو 72 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی۔


انہوں نے کہا، "توڑ پھوڑ میں ملوث تمام مجرموں، منصوبہ سازوں، اکسانے والوں اور حملہ آوروں کو اگلے 72 گھنٹوں میں گرفتار کیا جانا چاہئے، اور مزید کہا، "یہ ایک اہم کام ہے جس میں ہمارے شہریوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کے مین گیٹ پر پرتشدد مظاہرین کی جانب سے کیے گئے حملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔


راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) پر حملے کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی راولپنڈی کی ایس ایس پی (انویسٹی گیشن) زنیرہ اظفر کریں گی۔


کمیٹی میں ایس ڈی پی او کینٹ، ایس ڈی پی او سٹی کے علاوہ آر اے بازار، ویسٹرج اور سول لائنز تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔ انویسٹی گیشن سپورٹ یونٹ کے انچارج بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

Previous Post Next Post

Contact Form