لاہور: مزدوروں کے عالمی دن کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی لاہور کے لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک شروع ہوگئی۔ ریلی کی قیادت سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کر رہے ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی ریلی فیروز پور روڈ سے ہوتے ہوئے ایم اے او کالج پہنچے گی اور لوئر مال روڈ سے ہوتے ہوئے ناصر باغ پر اختتام پذیر ہوگی۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد ریلی کی شکل میں ناصر باغ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ عمران خان کے سخت سیکیورٹی میں زمان پارک سے لبرٹی چوک پہنچنے کے بعد ریلی اپنی منزل کی جانب بڑھنا شروع ہوئی۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ریلی نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے بھی جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔