پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل دوسرے روز کمی ہوئی جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 30 ہزار 800 روپے ہوگئی۔
آل پاکستان صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 6 ہزار 500 روپے کمی سے 2 لاکھ 30 ہزار 800 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 573 روپے کمی سے ایک لاکھ 97 ہزار 874 روپے ہوگئی۔
بدھ کو سونے کی فی تولہ قیمت 9 ہزار 900 روپے اضافے سے 2 لاکھ 40 ہزار 400 روپے ہوگئی تھی۔ تاہم سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 700 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ جمعرات اور جمعہ کو سونے کی قیمت میں کمی کا مطلب یہ ہے کہ رواں ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں مجموعی اضافہ اب کم ہو کر 5 ہزار 300 روپے فی تولہ ہو گیا ہے۔
اسی طرح انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں بھی 14 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ روپیہ 13.85 روپے کے اضافے کے ساتھ 285.08 روپے پر بند ہوا جو ایک روز قبل 298.93 روپے تھا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سپاٹ گولڈ کی قیمت 0.6 فیصد کمی سے 2003.08 ڈالر فی اونس رہی جبکہ امریکی گولڈ فیوچر 0.7 فیصد کمی سے 2006.60 ڈالر فی اونس رہا۔