اسلام آباد:(پاک آنلائن نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا طبی معائنہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے دفتر میں کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیٹیکل کلینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے تاحال رابطہ نہیں کیا تاہم نیب کی درخواست پر میڈیکل ٹیم معائنے کے لیے روانہ ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا طبی معائنہ نیب آفس میں ہونے کا امکان ہے۔
پولی کلینک کا کہنا ہے کہ خان کے میڈیکل بورڈ میں شامل ڈاکٹر الرٹ ہیں اور قومی احتساب بیورو کی کال کے فورا بعد چلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کو طبی معائنے کے لیے اسلام آباد کے پولی کلینک کے 7 رکنی میڈیکل بورڈ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فرید اللہ شاہ کی سربراہی میں سات رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں میڈیسن، آرتھوپیڈکس، کارڈیالوجی، جنرل سرجری اور پیتھالوجی کے ماہرین شامل ہیں جبکہ سی ایم او پولی کلینک سے ڈاکٹر امتیاز احمد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے پولی کلینک کی اسپتال انتظامیہ سے رابطہ کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی درخواست کی تھی۔