حکومت نے بیرون ملک کام کرنے والے پریس افسران کو زیر التوا تنخواہوں اور الاؤنسز کے اجراء کی منظوری دے دی

 

وفاقی حکومت نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں کام کرنے والے پریس افسران کو زیر التوا تنخواہیں اور الاؤنسز جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔



ذرائع نے پروپاکستان کو بتایا کہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گزشتہ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کے حق میں 420 ملین روپے کی منظوری دی تھی تاکہ بیرون ملک انفارمیشن سروسز کے بجٹ شارٹ فال کو پورا کیا جاسکے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کی بیرون ملک انفارمیشن سروسز کو رواں مالی سال کے دوران فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے 8 ماہ کے دوران حقیقی اخراجات 85 کروڑ روپے رہے ہیں جو کہ 89 کروڑ 50 لاکھ روپے کے کل بجٹ مختص کا 95 فیصد اور باقی چار ماہ کے دوران متوقع اخراجات کا تخمینہ 46 کروڑ 50 لاکھ روپے لگایا گیا جبکہ بجٹ مختص صرف 4 کروڑ 50 لاکھ روپے تھا۔

امریکی ڈالر اور دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے اس کمی کو پورا کرنے کے لیے 42 0 ملین روپے کے اضافی فنڈز کی ضرورت تھی، لیکن اس اثر کو برداشت کرنے کے لئے بجٹ مختص میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ نہ صرف تنخواہ اور الاؤنسز بلکہ کرائے کی رہائش گاہوں کے کرایے کی حد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
Previous Post Next Post

Contact Form