وزیر داخلہ نے آن لائن پاسپورٹ رینیوئل کاؤنٹر کا افتتاح کر دیا

 


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹر کا افتتاح کردیا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاسپورٹ فراڈ اور شناخت کی چوری کے خطرات میں نمایاں کمی آئے گی جس سے ہمارے پاسپورٹ سسٹم پر اعتماد مضبوط ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ای پاسپورٹ کی سہولت میں بائیو میٹرک ڈیٹا، ڈیجیٹل دستخط اور خفیہ کاری جیسے جدید سیکیورٹی فیچرز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سہولت کے تحت لوگ پاکستان بھر میں پاسپورٹ دفاتر میں گئے بغیر اپنے پاسپورٹ کی آن لائن تجدید کراسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویب پورٹل کے ذریعے درخواست دہندگان اپنی درخواستیں جمع کرانے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرسکیں گے اور اپنی درخواستوں کی پیشرفت پر نظر رکھ سکیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی سے نہ صرف عوام کے قیمتی وقت کی بچت ہوگی بلکہ ای پاسپورٹ کے اجراء کا عمل بھی آسان ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز کا دائرہ کار 30 دیگر مختلف شہروں تک بڑھایا جائے گا جس سے لوگوں کو پاسپورٹ کی سہولت تک رسائی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔


Previous Post Next Post

Contact Form